رشمیکا ایک سال تک شادی پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتی رہیں:وجے دیوراکونڈا کا انکشاف

 رشمیکا ایک سال تک شادی پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتی رہیں:وجے دیوراکونڈا کا انکشاف

بالی ووڈ اداکارہ رشمیکا مندانا اور معروف اداکار وجے دیوراکونڈا کی ازدواجی زندگی سے متعلق ایک بیان سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا، جس کے بعد وجے دیوراکونڈا کو صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف ٹاک شو ’کافی ود کرن 9‘ کی نئی قسط کا ٹریلر سامنے آیا ہے، جس میں وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا نے اپنی نجی زندگی اور شادی سے متعلق دلچسپ گفتگو کی۔شو کے دوران میزبان کرن جوہر نے دونوں اداکاروں سے سوال کیا کہ شادی کی پیشکش سب سے پہلے کس نے کی تھی۔ اس سوال کے جواب میں وجے دیوراکونڈا نے کہا کہ رشمیکا مندانا نے انہیں تقریباً 100 مرتبہ شادی کے لیے کہا تھا۔اس موقع پر رشمیکا مندانا نے بھی اعتراف کیا کہ وہ تقریباً ایک سال تک وجے سے شادی کے موضوع پر بات کرتی رہی تھیں۔

وجے دیوراکونڈا کے بیان پر سوشل میڈیا پر بحث
وجے دیوراکونڈا کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بعض صارفین نے اداکار کے اندازِ گفتگو پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بات سب کے سامنے کرنے سے رشمیکا کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ وجے نے سب کے سامنے اپنی اہلیہ کو شرمندہ کر دیا، جبکہ ایک دوسرے صارف نے سوال اٹھایا کہ کسی کو بار بار شادی کے لیے کہنا آخر فخر کی بات کیسے ہو سکتی ہے؟تاہم، اس بیان پر تمام صارفین کا ردعمل یکساں نہیں اور شو کے ٹریلر میں ہونے والی گفتگو کو لے کر سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے۔