افغان باشندوں، گھروں، کرایہ داروں، ہوٹلز اور دکانوں کی تفصیلی چیکنگ کی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)سٹی ڈویڑن کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشنز کیے گئے ترجمان پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں ایس پی سٹی بلال احمد کی نگرانی میں نولکھا لنڈا بازار، اسلام پورہ، شاد باغ، بادامی باغ، جوزف کالونی اور بیگم کوٹ شاہدرہ کے علاقوں میں کی گئیں۔سرچ آپریشنز میں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ دیگر سکیورٹی اداروں نے بھی حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں، گھروں، کرایہ داروں، ہوٹلز اور دکانوں کی تفصیلی چیکنگ کی گئی۔ سپروائزری افسران نے تمام آپریشنز کی براہِ راست نگرانی کی۔ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حساس اور اہم مقامات پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری ہیں، جبکہ ناکوں پر مشکوک افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ دوران آپریشن بائیو میٹرک سسٹم کے تحت افراد کی شناخت کی تصدیق بھی کی گئی۔ایس پی سٹی نے ہدایت کی کہ مشکوک افراد کی مکمل تصدیق کو یقینی بنایا جائے اور عدم تصدیق کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور مجموعی امن کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔