قصور سے لاہور پتنگ بازی کا سامان لے جانے کی کوشش ناکام، 5 ملزمان گرفتار

قصور سے لاہور پتنگ بازی کا سامان لے جانے کی کوشش ناکام، 5 ملزمان گرفتار

لاہور پولیس نے پتنگ بازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے قصور سے لاہور ممنوعہ پتنگ بازی کا سامان سپلائی کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔

 کارروائی کے دوران پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں تعینات پولیس کانسٹیبل سمیت پانچ ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ پرانی انارکلی پولیس نے ممنوعہ پتنگ بازی کے سامان کی آن لائن سپلائی روکنے کے لیے کارروائی کی۔ پولیس اہلکاروں نے خریدار بن کر ملزمان سے رابطہ کیا اور ممنوعہ چرخیاں منگوائیں، جس کے بعد ملزمان کو سامان سمیت گرفتار کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔ترجمان کے مطابق ملزمان قصور سے گاڑی میں ممنوعہ چرخیاں لے کر لاہور فروخت کرنے پہنچے تو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد ممنوعہ پتنگ بازی کے سامان کی سپلائی چین کو توڑنا تھا۔

گرفتار ملزمان میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) میں تعینات پولیس کانسٹیبل حذیفہ، اس کا والد، دو بھائی اور ایک دوست شامل ہیں۔ پولیس نے تمام ملزمان کو تحویل میں لے کر واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ پرانی انارکلی میں مقدمہ نمبر 832/26 کے تحت درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔