لاہور میں پتنگ بازی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے پتنگوں کے مبینہ ڈیلر کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کی، جس میں ملزم کو مبینہ طور پر پتنگوں اور کیمیکل ڈور سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔حکام کے مطابق گرفتار شخص ماہد پتنگوں کی سپلائی کے کاروبار میں ملوث تھا۔ اس کے قبضے سے تقریباً 120 پتنگیں اور ممنوعہ کیمیکل ڈور برآمد ہوئی، جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق ایس پی کینٹ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ آن لائن آرڈرز کے ذریعے پتنگیں اور ڈور منگوا کر مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایس پی کینٹ نے کارروائی میں حصہ لینے والی ٹیم، خصوصاً ایس ایچ او محسن شہزاد کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔لاہور میں پتنگ بازی پر پابندی کے تحت ایسے کریک ڈاؤنز کو انتظامیہ شہری حادثات اور خطرناک ڈور کے استعمال کو روکنے کے لیے اہم قرار دیتی ہے۔