خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر مریم نواز برہم، پولیس افسران کو 4 ہفتوں کی مہلت

خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر مریم نواز برہم، پولیس افسران کو 4 ہفتوں کی مہلت

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں جرائم کی روک تھام، پولیس کی کارکردگی، ٹریفک مینجمنٹ اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس افسران کو صورتحال بہتر بنانے کے لیے چار ہفتوں کی مہلت دے دی۔اجلاس میں ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز) اور ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز) نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور جرائم کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے اور پولیس افسران اپنی کارکردگی میں واضح بہتری لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقررہ چار ہفتوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ پولیس افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔

خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کا حکم
اجلاس کے دوران خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے معاملے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے جرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی، جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خاتمے اور منشیات فروشی کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں کیا جائے گا اور جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

گندم کی اسمگلنگ اور ناجائز اسلحے کے خلاف کارروائی کا حکم
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے تمام اضلاع، خصوصاً سرحدی علاقوں میں گندم کی اسمگلنگ روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی کارروائی اور غیر قانونی اسلحے کی برآمدگی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔مریم نواز شریف نے پولیس میں انسدادِ رشوت ستانی کی مہم تیز کرنے اور بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس کے اندر احتساب کا مؤثر نظام یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کی ہدایت
اجلاس میں ٹریفک مینجمنٹ کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انتظامات پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور اوور اسپیڈنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں پولیس پٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں اور اہم مقامات پر پولیس کی موجودگی واضح طور پر نظر آنی چاہیے۔ انہوں نے لاہور میں ڈولفن فورس کو پٹرولنگ کے لیے موٹر سائیکلیں اور دیگر ضروری سہولتیں فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔اس کے علاوہ کیمرے والی عینکوں سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

تبلیغی اجتماع کے انتظامات اور راولپنڈی میں امن و امان کا جائزہ
مریم نواز شریف نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ تبلیغی اجتماع کے منتظمین سے خود ملاقات کریں اور سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیں۔وزیراعلیٰ نے راولپنڈی ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام آر پی اوز کو ہر قسم کے جرائم کے حوالے سے ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی رپورٹس بھی پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ اضلاع میں جرائم کی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔اجلاس میں ملتان کے واقعے سمیت دیگر سنگین جرائم پر بھی بریفنگ دی گئی۔

لاہور میں جرائم کی شرح میں 41 فیصد کمی کا دعویٰ
اجلاس کے دوران حکام نے بتایا کہ پنجاب میں جرائم کی مجموعی شرح میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ بریفنگ کے مطابق لاہور میں جرائم کی شرح میں مجموعی طور پر 41 فیصد جبکہ ڈیرہ غازی خان ریجن میں 16 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جرائم میں کمی کے اس رجحان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں۔ انہوں نے منشیات کے خاتمے، جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی اور حساس مقامات پر پٹرولنگ بڑھانے پر بھی زور دیا۔

جاں بحق پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے لیے مالی پیکیج کی ہدایت
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین ڈیوٹی انجام دینے پر آر ایم سی کو سراہا اور دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے جاں بحق پولیس افسران کے اہلِ خانہ کو تاحیات تنخواہ اور مالی پیکیج فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ فرائض کی انجام دہی کے دوران جان قربان کرنے والے اہلکاروں کے خاندانوں کی مالی معاونت کی جا سکے۔