پنجاب اسمبلی میں حکومت کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب حکومتی ارکان کی اجلاس میں عدم دلچسپی کے باعث ایک اہم بل نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ 2025ء منظور نہ ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پارٹی ارکان پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح ہدایت کی ہے کہ مسلم لیگ ن کے تمام ممبران آج کے اجلاس میں ہر صورت شرکت یقینی بنائیں تاکہ بل کی منظوری ممکن بنائی جا سکے۔واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر اجلاس کی کارروائی مکمل نہ ہو سکی، اور بل منظوری کے بغیر مؤخر ہو گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان اسمبلی کو سی ایم سیکرٹریٹ کی جانب سے واٹس ایپ اور فون کالز کے ذریعے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آج ایوان میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔یہ بل نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ 2025ء کے قیام سے متعلق ہے، جس کا مقصد صوبے میں کینسر کے جدید علاج اور تحقیق کے لیے ایک نمایاں مرکز قائم کرنا ہے۔