لاہور میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور پریڈ کا معائنہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب آج صرف گورننس اور ترقی میں ہی آگے نہیں بلکہ خواتین کے کردار کے حوالے سے بھی ملک میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں خواتین ہر محکمے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔مریم نواز شریف نے لیڈی کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانت داری سے انجام دیتے ہوئے معاشرے کی بہتری اور اصلاح میں بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لڑکیوں کو اسکوٹی چلاتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، جبکہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پنجاب میں جرائم کی شرح کم ترین سطح پر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر ایک خاتون وزیراعلیٰ اور چیف جسٹس بن سکتی ہے تو وہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس بھی بن سکتی ہے، کیونکہ خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتیں ثابت کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پنجاب کی ترقی کا سفر جاری ہے اور اسے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ ان کے بقول آج پنجاب میں گورننس اور ترقیاتی اقدامات کی مثالیں دی جا رہی ہیں۔