ٹیسٹ اور پری بورڈ امتحانات میں غیر حاضر طلبہ سے جرمانہ وصول کیاجائیگا
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب کے تمام سرکاری کالجز میں 75 فیصد سے کم حاضری اور دو یا دو سے زائد ٹیسٹوں میں ناکام ہونے والے طلبہ کا بورڈ امتحان کے لیے داخلہ نہیں بھجوایا جائے گا۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے امتحانات، حاضری، جرمانوں اور داخلوں سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔حاضری کا اندراج رجسٹر میں کیا جائے گا جسے پرنسپل یا وائس پرنسپل ہر ماہ چیک کرکے دستخط کریں گے۔مزید کہا گیا ہے کہ دسمبر ٹیسٹ اور پری بورڈ امتحانات میں شرکت نہ کرنے والے طلبہ سے فی پیپر 200 روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ بیماری کی صورت میں غیر حاضر طلبہ کو گورنمنٹ ہسپتال کے سپرنٹنڈنٹ یا مجاز اتھارٹی سے تصدیق شدہ میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔امتحانات کے دوران نقل کرنے والے طلبہ کے خلاف کیسز بنا کر کالج کونسل میں سزا کے لیے پیش کیے جائیں گے، جن کے فیصلے کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیے جا سکیں گے۔تمام امتحانات کے ریکارڈ کو محفوظ رکھا جائے گا۔محکمہ نے واضح کیا ہے کہ تمام امتحانات میں کامیابی کے لیے کم از کم 40 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوگا۔24اکتوبر 2025 سے شروع ہونے والے ٹیسٹوں کے نتائج 8 نومبر تک ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن پنجاب کے دفتر میں جمع کرانا ہوں گے۔