یہ کامیابی بانجھ جوڑوں کے لیے امید، خوشی اور ایک نئی شروعات کی علامت ہے
صحت مند بچی کی پیدائش پر خاندان کو مبارکباد، روشن مستقبل کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار
ڈیرہ اسماعیل خان (آئی این پی )ڈیرہ اسماعیل خان میں پہلی بار ٹیسٹ ٹیوب بے بی (آئی وی ایف) کی پیدائش عمل میں آئی ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ سنگِ میل عابدہ انفرٹیلیٹی آئی سی ایس آئی اینڈ میٹرنٹی ہوم سروسز (اے آئی آئی ایم ایس ) اور رحمانیہ ہسپتال ڈیرہ اسمعیل خان کے اشتراک سے کام کرنے والی طبی ٹیم کی انتھک کوششوں سے حاصل ہوا۔یہ منصوبہ ڈاکٹر انیلا رحمن اور ڈاکٹر صبیحہ رحمن کی سربراہی میں انجام پایا، جنہوں نے جدید تولیدی ٹیکنالوجی کے ذریعے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔ڈاکٹر انیلا نے صحافیوں کو بتایا کہ آئی وی ایف کے نتائج تسلی بخش ہیں اور قومی معیار کے مطابق ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ڈیرہ اسماعیل خان کے بانجھ جوڑوں کے لیے امید، خوشی اور ایک نئی شروعات کی علامت ہے۔طبی ٹیم نے صحت مند بچی کی پیدائش پر خاندان کو مبارکباد دی اور اس کے روشن اور خوشحال مستقبل کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔