دھواں چھوڑتی گاڑیوں کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے نیلا گنبد پراجیکٹ میں تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کو خوش آئند قرار دے دیا، عدالت نے سڑکوں پر دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک سے متعلق شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ بہاولپور میں اس وقت سب سے زیادہ ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ ہو رہا ہے، اس کی بڑی وجہ ہیوی ٹریفک ہے، سڑکوں پر ابھی بھی دھواں چھوڑتی گاڑیاں نظر آتی ہیں ،محکمہ ماحولیات کے سینئر آفیسرز سڑکوں پر کھڑے نظر آنے چاہئیں ، اس سے لوگ خود احتیاط کریں گے، لاہور میں ابھی بھی بہت سے تعمیراتی کام جاری ہیں جس سے گرد ہی گرد ہے۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ اینٹی سموگ کا کوئی فائدہ نہیں اگر اتنی ہی گرد پھر آنی ہے ، اس چیز کو روکنا پڑے گا، ایل ڈی اے سمیت دیگر محکموں کو اپنا کام مکمل کرنا چاہیے۔عدالت نے واسا کے میٹرز کے حوالے سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔سرکاری وکیل نے عدالت میں یقین دہانی کرائی کہ آئندہ کنٹونمنٹ ایریاز میں بغیر اجازت کوئی درخت نہیں کاٹا جائے گا۔ دوران سماعت لاہور میں ایل ڈی اے کے سڑکوں کی بحالی کے منصوبے کی رپورٹ بھی عدالت پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ شہر میں سڑکوں کی بحالی کے 62منصوبے جاری ہیں، 27منصوبے تاحال واسا نے ایل ڈی اے کے حوالے نہیں کئے جبکہ 35 منصوبے واسا نے مکمل کر کے ایل ڈی اے کے حوالے کر دیئے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ نے کارروائی ایک ہفتے کیلئے ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ محکموں سے رپورٹس طلب کر لیں۔