محکمۂ موسمیاتِ پاکستان نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر کی موسمی صورتحال سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق جمعہ کی رات ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی اور شمالی علاقوں میں درجۂ حرارت مزید گرنے کے باعث موسم شدید سرد رہے گا۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری متوقع ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقے خصوصاً لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملحقہ علاقوں میں سموگ اور صبح و رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہوسکتی ہے اور ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
محکمہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سرد موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جبکہ مسافروں کو دھند اور سموگ کے باعث ممکنہ سفری مشکلات کے پیش نظر سفر سے قبل تازہ ٹریفک اور موسم کی صورتحال چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔