خیبرپختونخوا حکومت نے پانچ نئے وزراء، چار مشیروں اور آٹھ معاونین خصوصی کو مختلف محکموں کے قلمدان سونپ دیے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے پانچ نئے وزراء، چار مشیروں اور آٹھ معاونین خصوصی کو مختلف محکموں کے قلمدان سونپ دیے۔

پشاور میں صوبائی حکومت نے اہم انتظامی و سیاسی فیصلے کرتے ہوئے کابینہ میں توسیع کر دی ہے، جس کے تحت پانچ نئے وزراء، چار مشیروں اور آٹھ معاونین خصوصی کو مختلف محکموں کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

 اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نذیر احمد عباسی کو محکمہ انرجی اینڈ پاور، شکیل احمد کو کمیونیکیشن اینڈ ورکس جبکہ محمد عارف کو معدنیات و معدنی ترقی کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔ اسی طرح طارق محمود آریانی کو ریونیو اینڈ اسٹیٹ اور شفیع اللہ جان کو اطلاعات و تعلقات عامہ کا محکمہ دیا گیا ہے۔صوبائی حکومت نے چار مشیروں کو بھی مختلف شعبوں کی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ مصور خان کو ماحولیات، جنگلی حیات اور موسمیاتی تبدیلی، لیاقت خان کو زکوٰۃ و عشر، ہمایون خان کو صنعت جبکہ میاں محمد عمر کو زراعت کا محکمہ دیا گیا ہے۔

مزید برآں آٹھ معاونین خصوصی کو بھی مختلف محکموں کا چارج دیا گیا ہے۔ طارق سعید کو داخلہ، محمد عثمان کو فنی تعلیم اور طفیل انجم کو بہبود آبادی کا محکمہ تفویض کیا گیا ہے۔ اسی طرح افتخار اللہ جان کو جیل خانہ جات، سمیع اللہ جان کو ٹرانسپورٹ، میاں عدیل اقبال کو ثقافت و سیاحت، محمد خورشید کو لائیوسٹاک و ماہی پروری جبکہ محمد اسرار کو خوراک کے محکمے کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔حکومتی ذرائع کے مطابق یہ تقرریاں انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے، مختلف محکموں کی کارکردگی بہتر کرنے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو تیز تر بنانے کے مقصد سے کی گئی ہیں۔