روسی طیارہ برطانوی طیارے سے صرف چھ منٹ کی دوری تک رہ گیا‘تصادم کا خطرہ ٹل گیا
لندن (آئی این پی )بحیرہ اسود کے خطے میں برطانوی اور روسی فضائی افواج کے درمیان ایک انتہائی حساس اور خطرناک فضائی صورتحال اس وقت پیدا ہوگئی جب برطانوی اور روسی جنگی طیارے آمنے سامنے آگئے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔برطانوی وزارتِ دفاع نے انکشاف کیا ہے کہ بین الاقوامی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے برطانوی رائل ایئر فورس کے ایک جاسوس طیارے کو روسی فضائیہ کے دو فائٹر جیٹس نے خطرناک انداز میں روکنے کی کوشش کی۔برطانوی حکام کے مطابق یہ کارروائی انتہائی جارحانہ نوعیت کی تھی۔مزید بتایا گیا ہے کہ ایک روسی طیارہ برطانوی طیارے کے بہت قریب آ گیا تھا، یہاں تک کہ فاصلہ صرف چھ منٹ کی دوری تک رہ گیا، جس نے صورتحال کو انتہائی نازک بنا دیا اور کسی بھی ممکنہ فضائی تصادم کا خطرہ پیدا ہوگیا۔