اقوامِ متحدہ کے مطابق رواں سال پاکستان خشک سالی کا شکار ہوگا:شیری رحمٰن

 اقوامِ متحدہ کے مطابق رواں سال پاکستان خشک سالی کا شکار ہوگا:شیری رحمٰن

پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے خبردار کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے مطابق پاکستان رواں سال خشک سالی کا شکار ہو سکتا ہے۔

ورلڈ واٹر ڈے کے موقع پر شیری رحمٰن نے کہا کہ اس دن کا مقصد عوام میں پانی کی اہمیت اور اس کے تحفظ کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا اور منگلا ڈیم کے پانی کی سطح کم ہو کر ڈیڈ لیول تک پہنچنے کا خطرہ ہے، جس کے نتیجے میں رواں ربیع سیزن کی فصلوں پر شدید اثرات پڑنے کا امکان ہے۔شیری رحمٰن نے بتایا کہ پاکستان میں 40 فیصد کم بارشیں اور برف باری کے نتیجے میں خشک سالی کی صورت حال پیدا ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویلز کے بڑھتے ہوئے استعمال اور ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے زیرِ زمین پانی کی سطح ہر سال ایک میٹر نیچے جا رہی ہے۔ ان عوامل کے سبب مستقبل میں پانی کی طلب میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔

شیری رحمٰن نے اس بات پر زور دیا کہ غیر پائیدار زرعی نظام اور دیگر وجوہات کی بنا پر پانی کی طلب میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فی کس پانی کا استعمال دیگر ممالک کے مقابلے میں پہلے ہی زیادہ ہے اور اگر فوری طور پر اقدامات نہ کیے گئے تو ملک خشک سالی اور غذائی قلت کا شکار ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے وسائل کے تحفظ کے لیے نیشنل ایڈاپٹیشن پلان، لیونگ انڈس، رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم اور دیگر پالیسیز پر فوری عمل در آمد کیا جائے۔