پاکستان توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی استحکام کے عزم کی تجدید کرتا ہے:صدر مملکت

پاکستان توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی استحکام کے عزم کی تجدید کرتا ہے:صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری کا ارتھ آور اور عالمی یوم آب 2025 پر پیغام: توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی استحکام کی ضرورت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ارتھ آور اور عالمی یوم آب 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ توانائی کے تحفظ، ماحولیاتی استحکام اور موسمیاتی اقدامات کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ارتھ آور پر غیر ضروری لائٹس بند کرنا توانائی کے استعمال اور کاربن فٹ پرنٹ کم کرنے کے عزم کی علامت ہے۔ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور توانائی کے شعبے کے مسائل سے پاکستان کی معیشت اور ماحول کو شدید خطرات لاحق ہیں، اس لیے توانائی کے محفوظ مستقبل کے لیے بجلی اور ایندھن کی بچت اور قابل تجدید توانائی کے فروغ کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ بجلی بچانے، توانائی اور ایندھن بچانے والے آلات کے استعمال، اور پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کی ضرورت ہے۔ اس سال ارتھ آور عالمی یوم آب 2025 کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ صاف اور پینے کے لیے محفوظ پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔

انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ موسمیاتی تبدیلی کے پاکستان پر مہلک اثرات کی واضح مثال ہیں۔ آبی ذخائر کے تحفظ اور پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ ڈرپ ایریگیشن، بارش کے پانی کو محفوظ کرنا اور پانی کے ضیاع کو روکنا زرعی ترقی کے لیے لازم ہے۔صدر نے کہا کہ صنعتوں اور گھریلو سطح پر پانی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہوگا۔ پاکستان ماحولیاتی تحفظ، توانائی کے تحفظ اور آبی وسائل کی پائیداری کے لیے پرعزم ہے۔ توانائی، ایندھن اور پانی کے تحفظ کے لیے ہر پاکستانی کو ذمہ داری لینی ہوگی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پائیدار طرز زندگی اختیار کرکے ہم پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے محفوظ بنا سکتے ہیں، اور آئیں مل کر اپنے ملک اور اس زمین کو ماحولیاتی تبدیلی کے خطرے سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔