پی ٹی آئی کے ڈھکن چوروں نے کراچی میں کوئی کام نہیں کیا:کامران ٹیسوری

 میری جتنی مرضی میمز بنالی جائیں، کسی سے ڈرنے والا نہیں، ملک کے تحفظ اور ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ضروری ہے
 کراچی(آئی این پی )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت سوشل میڈیا پر بڑی بڑی باتیں کرتی ہے لیکن اس نے جعفر ایکسپریس واقعہ پر تعزیت تک نہیں کی۔ یہ جماعت قومی سلامتی کے اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئی، جس کا مقصد اپنے آقائوں کو خوش کرنا تھا۔ پی ٹی آئی کے ڈھکن چوروں نے کراچی میں کوئی کام نہیں کیا۔کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں سحری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ یہ لوگ ہر طرح کی مراعات اور تنخواہیں تو لیتے ہیں، مگر قومی معاملات پر ذمہ داری کا ثبوت نہیں دیتے۔انہوں نے پی ٹی آئی رہنمائوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بانی کو جیل سے باہر نہیں آنے دینا چاہتے اور اپنی پارٹی میں ڈھکن چور جمع کر رکھے ہیں، جنہوں نے کراچی میں کوئی کام نہیں کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل میمز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میری جتنی مرضی میمز بنائی جائیں، کسی سے ڈرنے والے نہیں ہوں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ملک کے تحفظ اور ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ضروری ہے، اور وہ اپنے کارکنوں کو ہمیشہ آگاہ رکھتے ہیں کہ ہم سب کا مقصد عوامی مفاد ہے۔