بلوچستان میں دشمن طاقتیں حالات خراب کرنا چاہتی ہیں، فورسز نے دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیا،گورنر سندھ
کراچی(آئی این پی )گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف ملکی ترقی اور معاشی استحکام کیلئے کام کررہے ہیں،بلوچستان میں دشمن طاقتیں حالات خراب کرنا چاہتی ہیں، فورسز نے دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیا ۔پی آئی بی کالونی کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا پاکستان ترقی کی جانب جارہا ہے، پاکستان سٹاک ایکس چینج میں بہتری آرہی ہے، آئی ایم ایف نے بھی قرضہ ری شیڈول کردیا ہے، ملک کی ترقی کے لیے حکومت اور اتحادی دن رات کام کررہے ہیں، ماضی میں حکمرانوں نے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بنانے کا کہا، کہا گیا گورنرہائوس کی دیواریں گرا کر جامعات بنائیں گے، ہم نے ایسا دعوی ٰنہیں کیا لیکن 50ہزار طلبا کو گورنر ہائوس میں آئی ٹی کورس کرارہے ہیں۔گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ مقصد صرف یہی ہے کہ لوگوں کو پیروں پر کھڑا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا دشمن قوتیں حالات خراب کرنا چاہتی ہیں تاکہ ملک ترقی نہ کرے ۔