کراچی(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی نے دریائے سندھ پر 6 نہروں کی تعمیر کے منصوبے کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے اور 25 مارچ کو سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔پیپلز پارٹی سندھ کے رہنماوں نثار کھوڑو، وقار مہدی اور عاجز دھامراہ نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منگل 25 مارچ کو سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ریلیاں نکالی جائینگی اور احتجاجی مظاہرے کئے جائینگے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کینال منصوبے کے خلاف جلسے بھی کرینگے اور گلی گلی احتجاج کرینگے۔ انھوں نے کہا متنازعہ کینال منصوبہ غیر قانونی ہے جس کو بننا نہیں چاہیے، پیپلز پارٹی 6 کینالز کے منصوبے کے خلاف تمام آئینی فورمز، ایوانوں اور سڑکوں پر جدوجہد کرے گی۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ کسی بھی آئینی فورم پر منظوری کے بغیر چولستان کینالز کی تعمیر کا کام شروع کرا کے وفاقی حکومت نے آمریت کی یاد تازہ کر دی ہے۔ انھوں نے کہا ماضی میں آمر پرویز مشرف نے آئینی فورمز کی منظوری کے بغیر تھل کینال تعمیر کروایا اور اب ن لیگ کی وفاقی حکومت چولستان کینال سمیت 6 کینال منصوبے پر آمرانہ کردار ادا کر رہی ہے۔