گلگت بلتستان میں نئی حکومت سازی کے حوالے سے سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی (IPP) کے درمیان تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔مذاکرات کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے آئی پی پی کو گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے عمل میں شراکت کی باضابطہ پیشکش کی گئی۔ اس پیشکش میں مختلف اہم حکومتی عہدوں پر مشاورت اور تعاون کی تجویز بھی شامل تھی۔ذرائع کے مطابق عبدالعلیم خان نے پیپلز پارٹی کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی اس عمل میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی اور مشترکہ طور پر حکومت کو مستحکم بنانے میں کردار ادا کرے گی۔عبدالعلیم خان نے بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو کے دوران اسے خوشگوار اور مثبت قرار دیا اور کہا کہ گلگت بلتستان میں وزیراعلیٰ، اسپیکر اور دیگر اہم عہدوں کے انتخاب کے لیے دونوں جماعتیں مل کر کام کریں گی۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت گلگت بلتستان کی سیاست میں ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے، جس کے نتیجے میں آئندہ حکومتی ڈھانچے اور سیاسی اتحادوں پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔