19 سالہ نوجوان کو قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کرنیوالے 3 سفاک دوست گرفتار

 ملزمان نے واردات کے بعد مقتول کی لاش کے ٹکڑے کیے اور اسے زمین میں چھپا دیا تھا
شہدادکوٹ(آئی این پی ) شہدادکوٹ میں 19سالہ نوجوان کے لرزہ خیز قتل کا معمہ حل ہوگیا، مقتول کے 3 دوست کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیل کے مطابق تھانہ صدر کی حدود سے ملنے والی 19 سالہ نوجوان ذوہیب شاہ کی لاش کے کیس میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے قتل میں ملوث 3 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان مقتول کے دوست ہیں، جو ذوہیب شاہ کو چائے پینے کے بہانے اپنے ساتھ لے گئے اور بے دردی سے قتل کر دیا۔ ملزمان نے واردات کے بعد مقتول کی لاش کے ٹکڑے کیے اور اسے زمین میں چھپا دیا تھا۔ 10 فروری کو علاقہ مکینوں نے لاش کے ٹکڑے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی تھی، جس پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کے قتل کا مقدمہ 7 نامزد سمیت 9 ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے آلہ قتل، جس میں 2 کلہاڑیاں اور ایک ڈنڈا شامل ہے، برآمد کر لیا ہے۔ پولیس ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔