ممبئی (شوبز ڈیسک)معروف بھارتی اداکار پرکاش راج نے حکومت کے خلاف کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج پر بالی ووڈ فنکاروں کو خاموشی اختیار کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔پرکاش راج نے ایک بار پھر کاکروچ جنتا پارٹی اور سماجی کارکن سونم وانگچک کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے مارچ کے دوران بھارتی آئین کی کاپی ہاتھ میں اٹھا کر شرکا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ایک انٹرویو میں پرکاش راج نے احتجاج پر بالی ووڈ کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بولتے ہیں، دنیا انہیں دیکھ رہی ہے کہ کون عوام کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ فلمی صنعت کے ردعمل سے مطمئن ہیں، تو انہوں نے کہا کہ یہ خوش یا ناخوش ہونے کا معاملہ نہیں بلکہ ایسے مواقع پر لوگوں کی اصل پہچان سامنے آتی ہے۔پرکاش راج نے کہا کہ جب کل تاریخ لکھی جائے گی تو غلطی کرنے والوں کو شاید معاف کر دیا جائے، لیکن خاموش رہنے والوں کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔