کراچی: سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے ایم کیو ایم کے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) پر اعتراضات کو "پیپلز پارٹی سے بغض" قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ فلاحی منصوبہ ہے، جس نے کروڑوں مستحق خاندانوں کی زندگیوں میں بہتری لائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم محض باتوں سے عوام کو سنہرے خواب دکھانے کی کوشش کر رہی ہے۔سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ "چندے کے پیسوں پر عیش کرنے والے آج اس قومی فلاحی پروگرام پر تنقید کر رہے ہیں، جو تقریباً ایک کروڑ غریب خاندانوں کو سہ ماہی وظیفہ فراہم کرتا ہے۔"
انہوں نے بتایا کہ صرف سندھ میں 36 لاکھ سے زائد بچوں کو تعلیمی وظیفہ بی آئی ایس پی کے تحت فراہم کیا جا رہا ہے، جو اس پروگرام کی وسعت اور افادیت کا ثبوت ہے۔سعدیہ جاوید نے ایم کیو ایم کو مشورہ دیا کہ وہ تنقید برائے تنقید کی بجائے عملی اقدامات پر توجہ دے، کیونکہ بی آئی ایس پی جیسے پروگرام غریب عوام کی زندگی میں حقیقی بہتری لا رہے ہیں۔