علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش نہ ہوئے، سماعت 31 جولائی تک ملتوی
اسلام آباد(آئی این پی )فیض آباد احتجاج کیس میں پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید خان کی بریت کی درخواست مسترد کر دی گئی۔انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کے بعد فیض آباد کے مقام پر احتجاج کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔سماعت کے دوران عامر محمود کیانی، راشد حفیظ، جمشید مغل اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ فیصل جاوید خان، حیدر بن مسعود اور راجہ ماجد کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواستیں جمع کرائی گئیں۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور ایک بارپھر عدالت میں پیش نہ ہوئے، جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ آرڈر ہی دوبارہ جاری کر دیتے ہیں۔ کیس کی مزید سماعت 31 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔