دہشت گردوں نے ڈومیل بیزن خیل کے علاقے میں مین روڈ پر ناکابندی کر رکھی تھی
بنوں(آئی این پی )خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں امن کمیٹی اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق بنوں کے علاقے ڈومیل بیزن خیل میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور امن کمیٹی کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، جس میں صدام نامی پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ذرائع کے مطابق شہید ہونے والا پولیس اہلکار سب ڈویژن وزیر میں تعینات تھا اور ڈیوٹی کی انجام دہی کے دوران فائرنگ کی زد میں آیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے ڈومیل بیزن خیل کے علاقے میں مین روڈ پر ناکابندی کر رکھی تھی، اس دوران امن کمیٹی کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بنوں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، تاہم دہشت گرد اس دوران فرار ہوگئے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں متعدد دہشت گردوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کی اطلاع ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔