حکومت کا پاکستان سٹیل ملز کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ

 مختلف سرمایہ کاروں اور اداروں کے ساتھ سٹیل ملز میں سرمایہ کاری کے لئے بات چیت جاری 
حکومت نے 700 ایکڑ رقبہ سٹیل ملز کی بحالی کے لئے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے :وزیرصنعت
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کو دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے  کہا ہے مختلف سرمایہ کاروں اور اداروں کے ساتھ سٹیل ملز میں سرمایہ کاری کے لئے بات چیت جاری ہے۔ یہ بات  وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے قومی اسمبلی میں جمع تحریری جواب جمع کراتے ہوئے کہی ۔ پاکستان اسٹیل ملز کی دوبارہ تعمیر کرنے کا دعوی کرتے ہوئے  وفاقی وزیر نے کہا حکومت نے 700 ایکڑ رقبہ سٹیل ملز کی بحالی کے لئے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مختلف سرمایہ کاروں اور اداروں کے ساتھ سٹیل ملز میں سرمایہ کاری کے لئے بات چیت جاری ہے۔تحریری جواب میں کہا گیا کہ پاکستان سٹیل ملز اور روسی کمپنی انڈسٹریل انجنیرنگ کمپنی کے درمیان دو پروٹوکولز پر دستخط ہوئے ہیں، پروٹوکول کے تحت روسی کمپنی سٹیل بنانے کے لئے اوپیکس اور کوپیکس کیلکولیشن 15 مئی تک مکمل کرے گی۔