ایران کی جانب سے مجھے مسلسل قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیںد‘ھمکی عام شہری کو بھی دی جاتی تو بھرپور جواب دیتا لیکن یہ تو کھلم کھلا امریکی صدر کو دی جا رہی ہیں:انٹرویو
جیسا وینزویلا نے امریکہ کیساتھ معاہدہ کیا ویسا ہی دیگر ممالک کو بھی کرنا چاہیے گرین لینڈ کی مکمل ملکیت اور قانونی حق امریکہ کو دیا جائے: ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب
واشنگٹن‘ڈیوس(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی نشریاتی ادارے نیوز نیشن کو دیئے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا ہے ایران کی جانب سے مجھے مسلسل قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں جس پر میں نے سیکیورٹی فورسز کو سخت ہدایات دے رکھی ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بقول واضح احکامات دے دیئے ہیں اگر میرے ساتھ کچھ بھی ہوا تو پورے ایران کو اڑا دیا جائے۔ کرہ ارض سے ایران کا نقشہ بھی مٹا دیا جائے گا۔صدر ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ایران کی جانب سے پہلی بار اس نوعیت کی دھمکیاں سامنے آئیں تھیں تو بائیڈن انتظامیہ کو سخت ردعمل دینا چاہیے تھا۔ اگر یہ دھمکی کسی عام شہری کو بھی دی جاتی تو میں اس پر بھی بھرپور جواب دیتا لیکن یہ تو کھلم کھلا امریکی صدر کو دی جا رہی ہیں‘دریں اثناء صدر ٹرمپ نے ورلڈ اکنامک فورم سے اپنے خطاب میں کہا وینزویلا میں بڑی کارروائی کے بعد اب ہر بڑی آئل کمپنی ہمارے ساتھ آ رہی ہے اور یہ حیران کن ہے۔ جب امریکہ پھلتا پھولتا ہے تو دنیا بھی ترقی کرتی ہے‘ نکولس مادورو کی برطرفی کے بعد وینزویلا امریکی کنٹرول میں شاندار کارکردگی دکھائے گا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا اگلے چھ ماہ میں اتنا پیسہ کمائے گا جتنا اس نے پچھلے 20 سال میں نہیں کمایا تھا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ یورپ ترقی کرے، مجھے ان سے پیار ہے لیکن یہ درست سمت میں نہیں جا رہے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کو برف ایک ٹکڑا قرار دیتے ہوئے کہا کہ گرین لینڈ کی مکمل ملکیت اور قانونی حق امریکا کو دیا جائے تاکہ اس کا دفاع ممکن ہو۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ سمندر کے بیچ ایک بہت بڑا برفانی علاقہ ہے۔ جنگ ہوئی تو زیادہ تر کارروائیاں اسی برفانی خطے پر ہوں گی۔ ذرا تصور کریں میزائل اسی برفانی جزیرے کے اوپر سے گزریں گے۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ گرین لینڈ کی مکمل ملکیت اس لیے مانگ رہے ہیں کیونکہ آپ کسی جگہ کا دفاع اس وقت تک نہیں کرسکتے جب تک وہ آپ کی ملکیت میں نہ ہو۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکی کنٹرول میں گرین لینڈ ہونا نیٹو کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔