امریکہ دنیا کا سب سے بہترین اور مہلک ترین فوجی ساز و سامان تیار کرتا ہے اور یہ سب کچھ اسرائیل کے پاس پہلے سے موجود ہے
ابھی بھی وقت ہے اس قتل عام کو روکا جاسکے کیونکہ آئندہ حملے پہلے سے بھی زیادہ سنگین ہوں گے:امریکی صدر کا سوشل میڈیاپر پیغام
واشنگٹن(آئی این پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے لیے ممکنہ تباہ کن نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے اگر ایران نے فوری طور پر معاہدے پر عمل نہ کیا تو جسے کبھی ایرانی سلطنت کہا جاتا تھا، سب ختم ہوجائے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری کردہ ایک پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے ایران کو ایک کے بعد ایک موقع دیا وہ معاہدہ کرلے۔انہوں نے کہا میں نے ایران کو انتہائی سخت الفاظ میں سمجھانے کی کوشش کی، لیکن جتنا بھی انہوں نے زور لگایا اور جتنا بھی قریب پہنچے، وہ اس معاملے کو طے نہ کر سکے۔ٹرمپ کے مطابق انہوں نے ایران کو پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ جو کچھ ہونے والا ہے، وہ ان کی توقعات، معلومات یا اندازوں سے کہیں زیادہ تباہ کن ہوگا۔انہوں نے کہا ایران کو سمجھایا گیا تھا امریکہ دنیا کا سب سے بہترین اور مہلک ترین فوجی ساز و سامان تیار کرتا ہے اور یہ سب کچھ اسرائیل کے پاس پہلے سے موجود ہے، بلکہ مزید بھی آرہا ہے اور اسرائیل کو اسے مثر انداز میں استعمال کرنا بھی بخوبی آتا ہے۔ٹرمپ نے مزید لکھا کہ کچھ ایرانی سخت گیر عناصر نے بہادری دکھانے کی کوشش کی، لیکن وہ نہیں جانتے تھے کیا ہونے والا ہے، وہ سب مارے جاچکے ہیں اور حالات مزید خراب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اب تک کئی ہلاکتیں اور تباہی ہوچکی ہے، لیکن ابھی بھی وقت ہے اس قتل عام کو روکا جاسکے، کیونکہ آئندہ حملے پہلے سے بھی زیادہ سنگین ہوں گے۔