قیدی رہا اور جوڈیشل کمیشن نہ بنایا تو مذاکرات خطرے میں پڑ جائیں گے بیرسٹر گوہر

مذاکرات کی کامیابی کا انحصار حکومت پر ہے عمران خان کو القادر کیس میں سزا کا فیصلہ، دو دن میں  اعلی عدالتوں میں چیلنج کریں گے
پی ٹی آئی دنیا کی چھٹی بڑی سیاسی جماعت ہے،آئین کے مطابق انٹراپارٹی الیکشن کرائے، عمران ہی پی ٹی آئی کا نشان ہیں: میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد( بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے عمران خان کو القادر کیس میں سزا کینگرو کورٹ کا فیصلہ ہے، دو دن میں سے اعلی عدالتوں میں چیلنج کریں گے،حکومت کے ساتھ قیدیوں کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن نہ بنایا تو مذاکرات خطرے میں پڑ جائیں گے،منگل کو پارلیمنٹ ہاوس میںمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان پر بنائے جانے والے تمام کیسز جھوٹے اور بے بنیاد ہیں،انہوں نے کہا کہ چند لوگوں کے لیے راتوں رات پارلیمنٹ سے قانون منظور کروائے جاتے ہیں تو پھر مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے کیوں لچک کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا،انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کا انحصار حکومت پر ہے،اپوزیشن نے بال کو اپنے پاس قید کیا ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ اس ملک میں خوشحالی آئے،مگر حکومت سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے۔انہوں نے کہا  پی ٹی آئی واحد پارٹی ہے جس نے آئین وقانون کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کرائے، ابھی تک الیکشن کمیشن کی طرف سے ہمیں سرٹیفکیٹ نہیں ملا، ہم نے الیکشن کمیشن کے آئینی وقانونی سوالات کا جواب دے دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی سرٹیفکیٹ ہمارا آئینی وقانونی حق ہے، پارٹی دفتر پر چھاپے کے دوران ایف آئی اے دستاویزات لے گئی تھی، ہمیں امید ہے اگلی سماعت پر پی ٹی آئی کو سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دنیا کی چھ بڑی سیاسی پارٹیوں میں سے ہے، پاکستان میں سب سے بڑی سیاسی جماعت پی ٹی آئی ہے، سب لوگ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، عمران خان ہی ہماری پارٹی کا نشان ہیں۔