11 اشیا مہنگی ،16سستی، ہفتے میں چکن ،چینی ،کیلے ،انڈے ،لہسن ،گوشت کی قیمت بڑھ گئی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کی شرح میں اضافہ،ایک ہفتے کے دوران چکن ، چینی سمیت 11اشیا مہنگی، 16سستی ہوئیں، ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 0.27 فیصد کا اضافہ ہوا، ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 1.21 فیصد ہوگئی۔ ایک ہفتے میں 16 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 11 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 24 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے 11.89 فیصد ، انڈے 7.8 فیصد، چکن 4.47 فیصد،لہسن 1.08 فیصد اورچینی کی قیمت میں 0.65 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ بیف، مٹن، دال مسور، واشنگ سوپ اور سگریٹس بھی مہنگے ہوگئے۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر 2.81 فیصد، دال چنا 1.24 فیصد، پیاز 1.16 فیصد اورآلو 0.9 فیصد سستے ہوئے جبکہباسمتی ٹوٹا چاول ، دال ماش، گھی، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت میں بھی کمی ہوئی۔