انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اینڈریو اسٹراؤس نے سات سال قبل اپنی اہلیہ کے انتقال کے بعد دوسری شادی کر لی ہے۔
48 سالہ اینڈریو اسٹراؤس نے جنوبی افریقہ کے قصبے فرانس خوک میں سابق پی آر ایگزیکٹو اور خود سے 18 سال کم عمر انٹونیا لینئیس پیٹ سے شادی کی۔ شادی کی تقریب انتہائی نجی اور سادہ نوعیت کی تھی، جس میں صرف دونوں خاندانوں کے افراد شریک ہوئے۔اینڈریو اسٹراؤس نے بتایا کہ شادی کی تقریب کیپ ٹاؤن کے مشرق میں واقع ایک پُرسکون وادی میں منعقد ہوئی، جس کی وجہ سے وہ ایشز سیریز کے آغاز کے لیے آسٹریلیا نہیں جا سکے۔اینڈریو اسٹراؤس اور انٹونیا لینئیس پیٹ کو پہلی بار دو سال قبل لندن کے ایک ریسٹورنٹ سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا، اور بعد ازاں ومبلڈن میں رائل باکس میں بھی ایک ساتھ شریک ہوئے۔ 30 سالہ انٹونیا ہانگ کانگ میں پرورش پائی اور بعد ازاں برطانیہ کے بورڈنگ اسکول سینٹ میری کیلن میں تعلیم حاصل کی۔ وہ ماضی میں پی آر ایگزیکٹو رہ چکی ہیں اور اس وقت لینیئس فائن آرٹ ایڈوائزری لمیٹڈ کی ڈائریکٹر ہیں۔اینڈریو اسٹراؤس کی یہ شادی ان کی زندگی کے ایک مشکل دور کے بعد سامنے آئی ہے۔ ان کی پہلی اہلیہ روتھ اسٹراؤس 29 دسمبر 2018 کو 46 برس کی عمر میں پھیپھڑوں کے نایاب کینسر کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔
دونوں کی شادی 15 سال تک جاری رہی اور ان کے دو بیٹے، سیموئل اور لوکا، اس وقت 19 اور 17 سال کے ہیں۔روتھ کی بیماری اور وفات کے بعد، اینڈریو نے 2019 میں روتھ اسٹراؤس فاؤنڈیشن قائم کی، جو ایسے خاندانوں کی مدد کرتی ہے جو والد یا والدہ کے انتقال کے مرحلے سے گزر رہے ہیں، اور پھیپھڑوں کے کینسر پر تحقیق کے لیے فنڈ فراہم کرتی ہے۔ فاؤنڈیشن کے تحت ہر سال ‘ریڈ فار روتھ’ کا خصوصی دن بھی منایا جاتا ہے، جو انگلش کرکٹ سیزن کا مستقل حصہ بن چکا ہے۔اینڈریو اسٹراؤس ماضی میں کئی بار اعتراف کر چکے ہیں کہ اہلیہ کی وفات نے ان کی سوچ بدل دی۔ 2023 میں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ زندگی محدود ہے، اس لیے اب وہ اپنے قریبی اور عزیز لوگوں کو خوش رکھنے پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔