ہالی ووڈ کے اداکار ٹام کروز کے بارے میں اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ وہ اداکارہ آنا دے آرمس سے علیحدگی کے بعد ایک بار پھر محبت کی تلاش میں ہیں اور بریک اپ پر زیادہ وقت ضائع کرنے کے بجائے آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹام کروز اور آنا دے آرمس کے درمیان تقریباً 9 ماہ تک تعلق رہا، تاہم بعد ازاں دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آنا دے آرمس نے ٹام کروز کے مبینہ طور پر حد سے زیادہ کنٹرولنگ رویّے اور دونوں کے درمیان نمایاں عمر کے فرق کے باعث رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق اگرچہ یہ علیحدگی ٹام کروز کے لیے جذباتی طور پر مشکل ثابت ہوئی، تاہم وہ زیادہ عرصے تک مایوسی میں رہنے والے شخص نہیں ہیں۔ آنا سے تعلق ختم ہونے پر انہیں واقعی دکھ ہوا، لیکن وہ جلد ہی خود کو سنبھالنے میں کامیاب ہو گئے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اداکار کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹام کروز اب دوبارہ ڈیٹنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور اس حوالے سے خاصے سرگرم بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ کسی نئی ساتھی کی تلاش میں سنجیدہ ہیں اور دوستوں کو بتا چکے ہیں کہ اگر کوئی انہیں کسی سے ملوائے تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ٹام کروز کی خواہش ہے کہ ان کی زندگی میں برطانوی ہائی سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون آئے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ چند معروف ہالی ووڈ اداکاراؤں کے ناموں پر بھی غور کر رہے ہیں، جن میں ڈیمی مور، اینجلینا جولی اور جینیفر لوپیز شامل ہیں، جنہیں ممکنہ طور پر ان کے لیے موزوں انتخاب قرار دیا جا رہا ہے۔مزید یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ٹام کروز نے چارلیز تھیرون میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے اور ممکن ہے کہ وہ جلد ہی ان سے رابطہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہوں۔