لاہور: پولیس نے لاری اڈہ کے باہر مسافروں کے ساتھ واردات کرنے والے گینگ کو کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا ہے۔
ملزمان رکشہ میں سوار خواتین کے پرس اور موبائل فون چوری کر کے فرار ہوتے تھے۔ ایس ایچ او لاری اڈہ، عرفان چڈھڑ، نے اطلاع ملنے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی نشاندہی کی اور انہیں حراست میں لے لیا۔ملزمان نے واردات کے دوران رکشہ میں بیٹھی ایک خاتون کا پرس چرایا اور فرار ہو گئے۔ ان ملزمان میں سرغنہ ذیشان اور عثمان شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے موبائل فون، نقد رقم اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا ہے۔ دورانِ گرفتاری ملزمان نے بھاگنے کی کوشش بھی کی، لیکن ناکام رہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان واردات کے لیے کم عمر بچوں کا استعمال کرتے تھے، اور چند روز قبل بھی ایک خاتون کا پرس چرایا تھا۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے انسپکٹر عرفان اور دیگر پولیس ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسداد جرائم کے لیے سخت نگرانی جاری ہے۔ مقدمہ درج کرکے ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے حوالہ کیا گیا ہے۔