طیارے میں ایک بڑے چوہے کی دوڑ کے باعث پرواز منسوخ

نیدرلینڈز(نیٹ نیوز) کسی چوہے کو دوڑتے ہوئے دیکھنا متعدد افراد خصوصاً خواتین کو بالکل پسند نہیں ہوتا۔یقین کرنا مشکل ہوگا مگر نیدرلینڈز میں ایک فضائی کمپنی کی پرواز کے مسافروں کو اس کا تجربہ ہوا۔ایمسٹرڈیم سے کیریبین جانے والی کے ایل ایم کی پرواز میں ایک بڑے چوہے کو کیبن میں دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔یہ پرواز ایمسٹرڈیم سے Aruba جا رہی تھی اور مسافر پرواز پر سوار ہو رہے تھے جب انہیں آگاہ کیا گیا کہ پرواز روانہ نہیں ہو رہی اور بعد ازاں اسے منسوخ کر دیا گیا۔فضائی کمپنی کے ایک ترجمان کے مطابق یہ واقعی بہت غیرمعمولی واقعہ ہے۔ترجمان نے بتایا کہ مسافروں اور عملے کا تحفظ ہمیشہ ہماری اولین ترجیح ہے اور اسی وجہ سے ہم نے Aruba جانے والی پرواز کو منسوخ کر دیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ طیارے کو مناسب طریقے سے صاف کرکے پھر سروس میں واپس لایا جائے گا۔سوشل میڈیا ایپس پر گردش کرنے والی ویڈیو میں مسافروں نے چوہے کو بہت بڑا قرار دیا۔اس چوہے کو کیبن کے اوپر موجود پردوں کی ریلنگ پر دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔