اسلام آباد: عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے میں عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں 18 اگست 2026 کے حکم کی خلاف ورزی پر کارروائی شروع کرنے، جواب دہندگان اور توہینِ عدالت کے مرتکبین کو شوکاز نوٹس جاری کرنے، اور انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جواب دہندگان کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔اس کے علاوہ، پی ٹی آئی نے عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے اور وہاں طبی معائنہ کرانے کی بھی درخواست کی ہے۔عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے، عدالتی افسر تعینات کرنے یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی بھی درخواست دائر کی گئی ہے۔یہ توہینِ عدالت کی درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اس معاملے کی سماعت پہلے ہی 16 ستمبر تک ملتوی کی جا چکی ہے۔