گھر میں 4 روز پرانی پھندا لگی لاش

وحدت کالونی میں کوئٹہ کے 45سالہ در محمد کی پراسرار ہلاکت، قتل یا خودکشی تحقیقات شروع
لاہور (کرائم رپورٹر) وحدت کالونی کے علاقے میں گھر سے 45 سالہ شخص کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی، متعلقہ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کرکے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ایدھی ترجمان کے مطابق وحدت کالونی کے علاقے میں گھر سے تعفن اٹھنے کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر کے اندر کمرے سے پھندا لگی لاش برآمد کی، جسے پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کرکے تحقیقات شروع کردی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش تقریباً چار روز پرانی معلوم ہوتی ہے۔ متوفی کی شناخت در محمد کے نام سے ہوئی ہے، جو کوئٹہ کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق یہ خودکشی ہے یا اسے قتل کیا گیا، اس کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہوگا، جس کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔