فٹبال کے جادوگر برازیلین سٹار رونالڈینہو کا ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ

وہ تقریباً 11 سال بعد دوبارہ کسی پروفیشنل مقابلے میں ایکشن میں نظر آئیں گے،ایک بار پھر گیند کیساتھ رقص کرنے کیلئے بے تاب ہوں:سٹار فٹبالر
ریوڈی جنیرو (سپورٹس ڈیسک)برازیل کے لیجنڈری فٹبالر رونالڈینہو 46 سال کی عمر میں ایک بار پھر پروفیشنل فٹبال میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بارسلونا اور اے سی میلان کے سابق اسٹار نے اٹلی کے سری سی کلب ریوینا ایف سی کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔رونالڈینہو نے آخری مرتبہ 2015 میں برازیلین کلب فلومینینسی کی نمائندگی کرتے ہوئے مسابقتی پروفیشنل میچ کھیلا تھا۔اس طرح وہ تقریباً 11 سال بعد دوبارہ کسی پروفیشنل مقابلے میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔اگرچہ ان کی واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن امکان ہے کہ وہ سیزن کے افتتاحی میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔برازیلین اسٹار نے اپنی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بار پھر گیند کے ساتھ رقص کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔