پاکستانی بائولنگ اٹیک کا خوف ختم ہوگیا:اے بی ڈی ویلیئرز

میں نے وسیم اکرم، شعیب اختر، وقار یونس اور محمد آصف جیسے شاندار بولرز کو دیکھا،پاکستان ٹیم ری بلڈنگ کے مرحلے سے گزر رہی ہے
جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ کے سابق بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بائولنگ اٹیک نے خوف کا وہ عنصر کھو دیا ہے جو انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی پہچان ہوا کرتا تھا۔ یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق جنوبی افریقی بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ پاکستان کے پیس اٹیک کے ساتھ کیا ہوا ہے، انہوں نے وہ خوف کا عنصر کھو دیا ہے جس کے لیے وہ مشہور تھے، میں نے وسیم اکرم، شعیب اختر، وقار یونس اور محمد آصف جیسے شاندار بائولرز کو دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی، نسیم شاہ جیسے بائولرز کو ابھی وہ اثر متواتر طور پر دکھانا ہے جس کی ان سے توقع کی جاتی ہے، وہ اب بھی پاکستان کے عظیم بائولرز کی طرح شہرت کے حامل دکھائی دیتے ہیں لیکن وہ اس کے مطابق محنت نہیں کررہے ہیں۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ پاکستانی بائولرز کو ٹیسٹ کرکٹ میں 20 وکٹیں حاصل کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے جس پر بھی بائولنگ اٹیک پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ گزشتہ تین سال پاکستان کرکٹ کے لیے واقعی اچھے نہیں رہے جس میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست بھی شامل ہے۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ پاکستان ٹیم ری بلڈنگ کے مرحلے سے گزر رہی ہے، انگلینڈ کے خلاف پاکستان کے فاسٹ بائولرز کی کارکردگی دیکھنا ہوگی، کیا وہ رعب اور دبدبہ واپس لاسکتے ہیں جو پاکستان کی بائولنگ اٹیک کا خاصہ ہوا کرتا تھا۔