اسلام آباد(آئی این پی )سابق گورنر محمد زبیر نے کہا ہے کہ بہتر یہ ہے کہ سب سچ بولیں! نوازشریف کو باہر بھیجنے کیلئے جنرل باجوہ نے سہولتکاری کی تھی، وہی عدالتیں جنہوں نے سزا دی انہیں عدالتوں نے نواز شریف کی واپسی پر ایئر پورٹ پر درخواستوں پر دستخط کروا دئیے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہوا کا رخ اہم ہوتا ہے۔ نواز شریف کی سزائیں بھی سیاسی تھیں۔ اب عمران خان کو آٹھ ماہ سے ملنے نہیں دیا، بچوں سے بات نہیں کروائی جاتی، وکلا سے نہیں ملنے دیا جاتا۔ نواز شریف سے ہم 150 لوگ ملتے تھے، وکلا الگ ملتے تھے، ہم باہر آ کر پریس کانفرنسیں بھی کرتے تھے، ن لیگ کی حکومت نے تمام رولز کو بدل کر رکھ دیا ہے۔نواز شریف بہت بیمار تھے، میں بھی ملنے گیا تھا، رپورٹس ڈاکٹر یاسمین راشد جاری کرتی تھیں۔