کراچی(آئی این پی )صوبہ سندھ میں 6220 سکولوں کی عمارتوں کو مخدوش قرار دے کر ان میں تدریسی عمل روکنے کا حکم دے دیا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق مون سون کے دوران طلبہ کو ممکنہ حادثات سے بچانے کیلئے متاثرہ اسکولوں کے بچوں کو قریبی متبادل اسکولوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے محکمہ تعلیم سندھ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ مخدوش عمارتوں کے قریب متبادل اسکولوں کی نشاندہی کرکے طلبہ کو وہاں منتقل کیا جائے۔اسکولوں کی مخدوش عمارتوں کی تعداد سب سے زیادہ بدین، میرپورخاص اور تھرپارکر اضلاع میں ہے۔محکمہ تعلیم کے اس فیصلے سے صوبے بھر کے ہزاروں بچے اپنے ہی اسکولوں میں تعلیم سے محروم ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔دوسری جانب محکمہ تعلیم کی جانب سے تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مرمت کا کام کب شروع اور کب تک مکمل ہوگا اور طلبہ اپنے اصل اسکولوں میں کب واپس جا سکیں گے۔