بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی پر سمجھوتہ نہ کرنا بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کا حصہ تھا:وفاقی وزیر پارلیمانی امور
اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے سیکیورٹی کے ایسے حالات پیدا ہوگئے تھے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنا عملی طور پر ممکن نہیں رہا تھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومت نے اس پر من و عن عملدرآمد کا اعلان کیا تھا اور 20 اگست کو بانی پی ٹی آئی کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں۔طارق فضل چوہدری کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے ڈاکٹروں کا بورڈ تشکیل دیا گیا تھا جبکہ شفا ہسپتال میں بھی سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے، تاہم حالات و واقعات ایسے بنے کہ بانی پی ٹی آئی کو پمز منتقل کرنا پڑا۔انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی پر سمجھوتہ نہ کرنا بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کا حصہ تھا، اس لیے حکومت نے ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی رسک نہیں لیا۔