15اگست احتجاج، 63پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت، رہائی کا حکم

40کارکن تھانہ مارگلہ جبکہ 23 تھانہ انڈسٹریل ایریا کے مقدمہ میں گرفتار ہیں
جسمانی ریمانڈ کی استدعامسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف پراسیکیوشن کی اپیلیں مسترد 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت نے 15 اگست کو احتجاج و دیگر دفعات کے تحت درج مقدمات میں پی ٹی آئی کے گرفتار 63 کارکنوں کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔سماعت کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے انصر کیانی، زاہد بشیر ڈار ،مرزا عاصم ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، فریقین کے دلائل مکمل ہونے اور ریکارڈدیکھنے کے بعد عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے مالیتی مچلکوں کے عوض تمام63کارکنوں کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا،پی ٹی آئی کے 40 کارکن تھانہ مارگلہ جبکہ 23 تھانہ انڈسٹریل ایریا کے مقدمہ میں گرفتار ہیں،کارکنوں کیخلاف 15 اگست کو احتجاج و دیگر دفعات کے تحت 2 مقدمات درج ہیں۔دریں اثنا ڈیوٹی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شبیر بھٹی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے مذکورہ 63 کارکنوں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرنے کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلہ کے خلاف پراسیکیوشن کی اپیل مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ کافیصلہ بحال رکھا۔