پہلی جدید آئی وی ایف لیب کا افتتاح، پاکستان کے لائیو اسٹاک سیکٹر میں انقلابی پیش رفت

پہلی جدید آئی وی ایف لیب کا افتتاح، پاکستان کے لائیو اسٹاک سیکٹر میں انقلابی پیش رفت

ایس آئی ایف سی اور گرین پاکستان انیشی ایٹو کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان کے لائیو اسٹاک سیکٹر میں جدید اصلاحات متعارف کرا دی گئی ہیں۔

 اس سلسلے میں پنجاب کے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک عاشق حسین کرمانی نے خانیوال میں فون گرو کی جدید آئی وی ایف (In Vitro Fertilization) لیبارٹری کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں سیکریٹری لائیو اسٹاک، بریڈنگ ڈائریکٹوریٹ کے افسران، ویٹرنری ماہرین اور لائیو اسٹاک سیکٹر سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ یہ پاکستان کی پہلی جدید آئی وی ایف لیب ہے، جس کے قیام کو تولیدی ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور کی شروعات قرار دیا جا رہا ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ جدید تولیدی بایو ٹیکنالوجی کے ذریعے اعلیٰ نسل کے جانوروں کی افزائش، بیماریوں سے بہتر تحفظ اور دودھ و گوشت کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوگا۔ فون گرو نے اس ٹیکنالوجی کے ذریعے 100 کامیاب آئی وی ایف کیسز مکمل کرنے کا سنگ میل بھی عبور کر لیا ہے۔

صوبائی وزیر نے افتتاح کے بعد سیمن پروڈکشن یونٹ، پیڈاکس اور جانوروں کے شیڈز کا بھی معائنہ کیا۔ ماہرین کے مطابق یہ نئی لیبارٹری ملک بھر میں ڈیزیز کنٹرول کمپارٹمنٹ پروٹوکولز کے نفاذ میں کلیدی کردار ادا کرے گی اور عالمی معیار کے مطابق لائیو اسٹاک سیکٹر کو مستحکم بنائے گی۔حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمت عملی کے تحت لائیو اسٹاک سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف دیہی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ پاکستان کی زرعی برآمدات میں بھی اضافہ متوقع ہے۔