اسکاٹ لینڈ: 17 سالہ نوجوان کو مسجد پر حملے کی منصوبہ بندی پر 10 سال قید اور 8 سال نگرانی کی سزا

اسکاٹ لینڈ: 17 سالہ نوجوان کو مسجد پر حملے کی منصوبہ بندی پر 10 سال قید اور 8 سال نگرانی کی سزا

ویب ڈیسک: اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو ہائی کورٹ نے 17 سالہ نوجوان کو مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے جرم میں 10 سال قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے حکم دیا کہ سزا مکمل ہونے کے بعد ملزم کو مزید 8 سال تک سخت نگرانی میں رکھا جائے گا۔جج لارڈ آرتھر سن نے فیصلے میں کہا کہ ملزم نے "انتہائی شیطانی اور خطرناک منصوبہ" تیار کیا تھا۔ قانونی تقاضوں کے تحت نوجوان کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔عدالتی کارروائی میں انکشاف ہوا کہ ملزم 13 سال کی عمر سے ہی سوشل میڈیا کے ذریعے انتہا پسندی کا شکار تھا۔ اس کے موبائل فون سے ہٹلر، موسولینی اور ناروے میں دہشتگرد حملے کرنے والے اینڈرز بریوک جیسے انتہا پسندوں کی فہرست بھی برآمد ہوئی۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزم مسجد پر حملہ کرنے کے بعد نمازیوں کو آگ لگانے کا منصوبہ رکھتا تھا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس نے اسے جنوری میں انورکلائیڈ مسلم سینٹر کے باہر گرفتار کیا، اور اس کے قبضے سے ایک جرمن ساختہ ایئر پستول، گولیاں، کارتوس اور ایروسول کین برآمد ہوئے۔تفتیش میں یہ بھی معلوم ہوا کہ نوجوان نے امام مسجد کو دھوکے سے یہ باور کرایا کہ وہ اسلام قبول کرنا چاہتا ہے تاکہ مسجد تک آسان رسائی حاصل کر سکے۔