بھارتی حملے کا نشانہ مسجد کی جی پی ایس لوکیشن بھیجنے والا ملزم گرفتار

حساس تنصیبات کی تصاویر ، خفیہ معلومات بھاری رقوم کے عوض فراہم کرتا رہا
 ملزم بھارتی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کر رہا تھا ،مظفرآباد کے صدر تھانے منتقل
مظفر آباد(آئی این پی )محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی) مظفر آباد نے بھارت کے لیے جاسوسی اور بھاری رقم کے عوض حساس معلومات مہیا کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کو تفتیش کے بعد صدر پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس ذرائع کے مطابق راولا کوٹ کے نواحی گائوں دھکی بسنیار کوئیاں کے رہائشی محمد عبید جہانگیر کے خلاف درج ایف آئی آر کو اس کی گرفتاری کے بعد تفتیش کے عمل کو آسان بنانے کے لیے خفیہ رکھا گیا تھا۔ملزم کو 23 جولائی کو سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا اور بعد میں مظفرآباد کے صدر تھانے منتقل کر دیا گیا۔  ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم بھارتی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کر رہا تھا اور حساس تنصیبات کی تصاویر سمیت خفیہ معلومات بھاری رقوم کے عوض فراہم کرتا رہا۔دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ اس نے مظفرآباد کے علاقے شاوی میں واقع بلال مسجد کی جی پی ایس لوکیشن اور تصاویر واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے بھیجی تھیں، یہ وہی مسجد ہے جسے 6 مئی کی رات بھارتی میزائلوں کا نشانہ بنایا گیا تھا