دہشت گردوں کی فہرست میں تمام افراد مسلمان ہی کیوں؟ یہ ناقابل قبول ہے مستقل پاکستانی مندوب

 سلامتی کونسل کی فہرست میں ایک بھی غیر مسلم دہشت گرد موجود نہیں،غیرمسلم انتہا پسند اور دہشت گرد اکثر احتساب سے بچ نکلتے ہیں،یہ صورتحال بدلنی چاہیے
نیویارک(آئی این پی )اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار  نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تمام افراد مسلمان ہیں جبکہ غیر مسلم انتہا پسند اور دہشت گرد اکثر احتساب سے بچ نکلتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے  کیلئے ایک جامع حکمتِ عملی اپنائی جائے۔سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں پاکستان کے مستقل مندوب  نے کہا کہ  سلامتی کونسل کی فہرست میں ایک بھی غیر مسلم دہشت گرد موجود نہیں،دہشت گردوں کی فہرست میں تمام افراد مسلمان ہی کیوں؟ یہ سمجھ سے بالاتر اور قطعا ناقابل قبول ہے۔  غیرمسلم انتہا پسند اور دہشت گرد اکثر احتساب سے بچ نکلتے ہیں۔   یہ صورتحال بدلنی چاہیے۔دوہرے معیارات اور سیاسی ایجنڈے دہشت گردی کے لیے آکسیجن کا کام کرتے ہیں۔مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان، بلوچ لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ کے درمیان تعاون دہشت گردی کے تربیتی کیمپوں کی شراکت داری پر مشتمل ہے، جس نے پاکستان کے اسٹریٹجک ڈھانچے، معاشی منصوبوں اور سب سے بڑھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی، بلوچ لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ کا تعاون امن  کیلئے  خطرہ ہے۔عاصم افتخار احمد نے کہا کہ ٹی ٹی پی افغان سرزمین سے سرگرم ہے اور یہ اقوامِ متحدہ کی فہرست میں شامل سب سے بڑا دہشت گرد گروہ ہے۔ اس گروہ کی پاکستانی سرحدوں کے قریب موجودگی ہماری قومی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہے۔ داعش آج بھی عراق، شام اور افغانستان میں ایک فعال خطرہ ہے، جہاں ہزاروں جنگجو موجود ہیں۔