پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے چین کے عزم کو سراہتے ہیں، دونوں ممالک میں تمام اہم معاملات پر اتفاق رائے موجود ہے:اسحاق ڈار
دوطرفہ تعاون کے متعدد پہلوئوں پر تبادلہ خیال ‘ سٹریٹجک شراکت داری مضبوط اور تعاون بڑھ رہا ہے،پاکستان کے وزیراعظم کے دورہ بیجنگ کے منتظر ہیں:چینی وزیر خارجہ
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور چین نے عوامی سطح پر رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی عالمی امور پر یکساں موقف اپنانے کی پالیسی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ پاک چین دوستی نہ صرف دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے بھی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔جمعرات کو اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کی مشترکہ زیر صدارت اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کی سٹریٹجک ڈائیلاگ کا چھٹا دور منعقد ہوا۔مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے پاک چین تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر سی پیک فیز ٹو، تجارتی و معاشی روابط، کثیرالجہتی تعاون اور عوامی روابط کے مختلف پہلوں پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے ڈائیلاگ کے حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے پاک چین تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لیا اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک چین دوستی علاقائی امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے اور دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ اور کثیر جہتی فورمز پر قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے سٹریٹجک ڈائیلاگ کے دور کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تمام معاملات پر مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر سطح پر تعاون کو مزید فروغ دیں گے اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک ہر سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں‘۔چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کے متعدد پہلوئوں پر بھی گہرائی سے تبادلہ خیال کیا جن میں سی پیک دوسرے فیز، تجارتی اور اقتصادی تعلقات، کثیر الجہتی تعاون اور عوام کے درمیان تعلقات شامل ہیں۔ ہماری سٹریٹجک شراکت داری مضبوط اور تعاون بڑھ رہا ہے۔چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم کے دورہ بیجنگ کے منتظر ہیں۔