مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی امن اور استحکام کو مضبوط بنائے گا:صدرزرداری

  معاہدہ خالصتا دفاعی نوعیت کا ہے، کسی ملک کے خلاف نہیں ‘ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت کسی نئے بلاک کی تشکیل نہیں کی جا رہی 
اسلام آباد (آئی این پی ) صدر مملکت آصف علی ز رداری نے کہا ہے  مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی امن اور استحکام کو مضبوط بنائے گا۔ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں لیفٹیننٹ جنرل (ر)نعمان محمود نے ملاقات کی جو ریاض میں قائم کیے گئے سہہ ملکی اتحاد کے جنرل سیکریٹریٹ کی سربراہی کریں گے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی امن اور استحکام کو مضبوط بنائے گا، یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے تحت دفاعی تعاون کو فروغ دے گا۔انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ خالصتا دفاعی نوعیت کا ہے، کسی ملک کے خلاف نہیں اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت کسی نئے بلاک کی تشکیل نہیں کی جا رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے، ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور کثیرالجہتی تعاون کا فروغ ضروری ہے