ملک میں 6لاکھ 403 مساجد‘36331 دینی مدارس‘ 3 لاکھ 26 ہزارتعلیمی ادارے پہلی اقتصادی ڈیجیٹل شماری

پاکستان میں ہوٹلوں کی تعداد ہسپتالوں سے بھی زیادہ نکلی، ملک میں دو لاکھ 56 ہزار ہوٹل، ایک لاکھ 19 ہزار 789 ہسپتال ہیں
 95فیصد کاروباری اداروں میں ملازمین کی تعداد 10 سے کم ہے‘ کاروباری اداروں یا دکانوں کی تعداد 70 لاکھ سے زائد ہے

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان ادار ہ شماریات نے ملکی پہلی اقتصادی ڈیجیٹل شماری کے نتائج کا اعلان کردیا، ڈیجیٹل اقتصادی شماری میں 70 لاکھ معاشی اداروں کا احاطہ کیا گیا۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پہلی ڈیجیٹل اقتصادی شماری کے نتائج کا اجرا کیا جن کے مطابق ملکی آبادی کے ایک تہائی گھرانے (28.5 ) فیصد معاشی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں، یہ گھرانے جانوروں کی پرورش، سلائی، بیوٹی پارلر، ٹیوشن سینٹر وغیرہ سے وابستہ ہیں۔ادارہ شماریات کی پہلی ڈیجیٹل اقتصادی شماری کے نتائج کے مطابق ملک بھر میں اقتصادی اداروں کی تعداد 70 لاکھ ہے، ان میں ہول سیل اور ریٹیل ٹریڈ 29 لاکھ اداروں کے ساتھ سر فہرست ہے۔پاکستان بیورو آف شماریات کی جاری رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 6 لاکھ 403 مساجد اور36 ہزار 331 دینی مدرسے ہیں اور تعلیمی اداروں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 868 ہے، دو لاکھ 42 ہزار اسکول، 11 ہزار 568 کالجز اور 214 جامعات ہیں۔اعداد شمار میں بتایا گیا  پاکستان میں ہوٹلوں کی تعداد ہسپتالوں سے بھی زیادہ نکلی، ملک میں دو لاکھ 56 ہزار ہوٹل، ایک لاکھ 19 ہزار 789 ہسپتال ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں 95 فیصد کاروباری اداروں میں ملازمین کی تعداد 10 سے کم ہے۔پاکستان میں کاروباری اداروں یا دکانوں کی تعداد 70 لاکھ سے زائد ہے، سب سے زیادہ ہول سیل، ریٹیل سیکٹر میں 29 لاکھ ادارے ہیں، ان میں سے پرچون فروش 27 لاکھ، ہول سیل دکانیں ایک لاکھ 88 ہزار ہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق زراعت، جنگلات، فشنگ سے متعلق اداروں کی تعداد 11 لاکھ ہے، خدمات کے شعبے میں کاروباری اداروں کی تعداد 9 لاکھ 45 ہزار سے زیادہ ہے، ملک میں سروس شاپس 8 لاکھ 25 ہزار، فیکٹریوں کی تعداد 23 ہزار ہے۔اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں پیداواری شاپس کی تعداد 6 لاکھ 43 ہزار ہے، مینوفیکچرنگ یونٹس کی تعداد 6 لاکھ 96 ہزار 558 ہے، پاکستان میں ہوسٹلز کی تعداد 16 ہزار 565 سے زیادہ ہے۔اسی طرح انسانی صحت، سماجی ورک کے اداروں کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 937 ہے اور ملک میں سرکاری تنظیموں کی تعداد 29 ہزار 836 ہے۔