لاہور(کرائم رپورٹر) رائیونڈ کے علاقے جیابگا چوکی کی حدود میں ایک شہری کو مبینہ طور پر مرغا بنا کر تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا ہے جس کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ملزمان نے نوجوان عثمان کو ایک جم میں زبردستی ‘‘مرغا’’ بنا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ وائرل ہونے والی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نہ صرف عثمان پر تشدد کر رہے ہیں بلکہ اس دوران اسے غلیظ گالیاں بھی دی جا رہی ہیں۔متاثرہ شہری کے مطابق ملزمان نے اس کی چیک بک سے زبردستی چیک پھاڑ کر اس پر دستخط کروائے، جبکہ اس کے موبائل فون کے ذریعے رقم بھی ٹرانسفر کی گئی۔واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد رائیونڈ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غلام رسول، غلام نبی، ابرار اور نعمان سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران دو ملزمان غلام رسول اور ابرار کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور تمام ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔