لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سیف سٹی کیمروں نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے ٹریفک کی خلاف ورزی پر شہری کے گھر 12سال پہلے چوری ہونے والی بائیک کا چالان بھیج دیا۔شہری امین نے کہا میں گذشتہ روز صبح اٹھتے ہی مجھے ایک ٹریفک خلاف ورزی کا چالان دیا گیا۔ جس موٹر سائیکل کا چالان آیا ہے وہ تو میرے استعمال میں اب نہیں ہے۔ بلکہ آج سے 12 سال پہلے چوری ہو گئی تھی ،اس کی میں نے ایف آئی آر بھی تھانے میں درج کروائی تھی،میں نے پولیس سٹیشن کے بڑے چکر لگائے لیکن پولیس میری موٹر سائیکل کا سراغ نہ لگا سکی۔ میں نے اب اپنے تھانے میں چالان دکھایا تو وہ کہہ رہے ہیں کہ ایک مرتبہ پھر سے وہ میری موٹرسائیکل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔تھانہ وحدت روڈ پولیس کے مطابق امین کی موٹر سائیکل چوری کا کیس ایک دفعہ داخل دفتر ہو چکا تھا، تاہم اب ان کی طرف سے کیس دوبارہ کھولنے کی درخواست دی گئی ہے۔ اب سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے اس چوری شدہ موٹر بائیک کو نئے سرے سے ڈھونڈا جائے گا۔دوسری جانب ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ ’ای چالان مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے ہو رہے ہیں۔ جس نمبر کی موٹرسائیکل کا چالان کیا گیا ہے، اس میں سسٹم میں کسی قسم کی کوئی غلطی نہیں ہوئی ہے۔ یا تو وہ نمبر پلیٹ استعمال ہو رہی ہے یا پھر وہ موٹرسائیکل ابھی بھی لاہور کی سڑکوں پر گھوم رہی ہے۔ پولیس کی طرف سے درخواست آنے پر سیف سٹی کیمروں کی مدد سے اس موٹرسائیکل کو ڈھونڈنے میں پولیس کی مدد کریں گے۔